Time 29 اپریل ، 2023
پاکستان

پولیس چھاپے کے دوران پرویز الٰہی اپنی رہائشگاہ سے کیسے فرار ہوئے؟

تھانہ غالب مارکیٹ میں درج مقدمے میں چوہدری پرویز الٰہی سمیت 19 افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹو فائل
تھانہ غالب مارکیٹ میں درج مقدمے میں چوہدری پرویز الٰہی سمیت 19 افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹو فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور پیٹرول بم پھینکے جانے کے خلاف دہشتگردی سمیت 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ میں درج مقدمے میں چوہدری پرویز الٰہی سمیت 19 افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے، مقدمہ سی او اینٹی کرپشن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم نے پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا، اس دوران رہائشگاہ میں موجود 40 سے 50 افراد نے پتھراؤ اور تشدد شروع کر دیا، چھاپہ مار ٹیم پر پیٹرول پھینکا گیا اور اس دوران پرویز الٰہی فرار ہو گئے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران مزاحمت پر 19 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز رات گئے اینٹی کرپشن پنجاب اور پولیس کی ٹیم نے چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر چھاپہ مارا اور تقریباً 8 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن میں پولیس کو ناکام لوٹنا پڑا۔

مزید خبریں :