Time 04 مئی ، 2023
پاکستان

قومی اسمبلی کے ارکان کا پارلیمنٹ ریکارڈ سپریم کورٹ کو فراہم کرنے سے انکار

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں سپریم کورٹ کے ججز کے معاملے پر گرما گرم بحث جاری رہی/ فائل فوٹو
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں سپریم کورٹ کے ججز کے معاملے پر گرما گرم بحث جاری رہی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے ارکان نے ایک بار پھر اسپیکر پر زور دیا ہے کہ پارلیمنٹ کا ریکارڈ سپریم کورٹ کو فراہم کرنے سے انکار کردیا جائے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں سپریم کورٹ کے ججز کے معاملے پر گرما گرم بحث جاری رہی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دو آئینی ادارے آمنے سامنے آچکے ہیں، جسٹس منیر سے لے کر آج تک آئین کے ساتھ کیا کچھ ہوتا رہا ہے، ہم تاریخ کے دوراہے پر کھڑے ہیں عدالت کے ساتھ ہیں لیکن دائرہ اختیار کی خلاف ورزی کے خلاف ہیں۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ریکارڈ مانگا ہے اور ہم نے انکار کردیا، ہاؤس کا ریکارڈ اس ایوان کی پراپرٹی ہے ایوان سے پوچھے بغیر ریکارڈ نہیں دیا جاسکتا، اس معاملے پر پورے ایوان کی کمیٹی بنائی جائے جس کے سامنے چیف جسٹس کو بلایا جائے۔

وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر بولے کل سے بحث چل رہی ہے کہ کون بالادست ہے، ہر ادارے کا کردار آئین میں درج ہے۔

اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے بھی سپریم کورٹ کو ریکارڈ فراہم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس ایوان کو فتح کرنا چاہتے ہیں انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مزید خبریں :