دنیا
Time 05 مئی ، 2023

برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریب پر کتنا خرچہ کیا جائے گا؟

یہ تقریب 6 مئی کو ہوگی / رائٹرز فوٹو
یہ تقریب 6 مئی کو ہوگی / رائٹرز فوٹو

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی 6 مئی کو ویسٹ منسٹر ایبے میں ایک عظیم الشان تقریب کے دوران کی جائے گی۔

برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کے ساتھ لندن سمیت برطانیہ بھر میں 3 روزہ جشن کا آغاز بھی ہوگا اور اس کے لیے 8 مئی کو تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

اس طرح کی تقریب 7 دہائیوں بعد پہلی بار کی جا رہی ہے جس کی نوعیت رسمی ہے کیونکہ 74 سالہ بادشاہ 8 ستمبر 2022 کو ملکہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد تخت پر بیٹھے تھے۔

یہ تقریب اس وقت ہو رہی ہے جب برطانیہ کو اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے اور عوام کا معیار زندگی مہنگائی کے باعث بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔

تقریب پر کتنا خرچہ کیا جا رہا ہے؟

بکنگھم پیلس کی جانب سے تو تاج پوشی کی تقریب پر ہونے والے اخراجات کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے مگر برطانوی بادشاہ کچھ عرصے قبل کہہ چکے ہیں کہ ماضی کے مقابلے میں یہ تقریب مختصر ہوگی جس پر کیے جانے والے اخراجات کم ہوں گے۔

ایک تخمینے کے مطابق اس تقریب میں دنیا بھر سے آنے والے 2 ہزار کے قریب وی آئی پی مہمان شرکت کریں گے، اس کے مقابلے میں ملکہ الزبتھ دوم کی تاج پوشی کی تقریب میں 500 مہمان شریک ہوئے تھے۔

اس تقریب کا دورانیہ ایک گھنٹے کا ہوگا۔

سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس تقریب پر 6 کروڑ 30 لاکھ سے ساڑھے 12 کروڑ ڈالرز (17 سے 35 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کا خرچہ کیا جائے گا۔

1953 میں ملکہ الزبتھ دوم کی تاج پوشی کی تقریب میں 15 لاکھ پاؤنڈ سے زیادہ رقم خرچ کی گئی تھی جو موجودہ عہد میں 6 کروڑ ڈالرز سے زیادہ رقم بنتی ہے۔

تو یہ خرچہ کون اٹھائے گا؟

بیشتر عوامی تقاریب کی طرح تاج پوشی کی تقریب کا خرچہ بھی برطانوی حکومت ادا کرے گی۔

بکنگھم پیلس کی جانب سے بھی کچھ خرچہ کیا جائے گا مگر یہ کتنا ہوگا، اس بارے میں معلوم نہیں۔

ایک سروے میں 51 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ تاج پوشی کا خرچہ حکومت کو ادا نہیں کرنا چاہیے جبکہ 18 فیصد اس بارے میں کوئی رائے نہیں رکھتے۔

دوسری جانب 8 مئی کو عوامی تعطیل کے نتیجے میں برطانوی معیشت کو مزید ایک ارب 36 کروڑ پاؤنڈز کا نقصان ہوگا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 6 مئی کی صبح 6 بجے سے پارلیمنٹ اسکوائر،وائٹ ہال اور مال کا علاقہ عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔

بادشاہ چارلس سوئم صبح 11 بجے بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹرایبی روانہ ہوں گے ، تاج پوشی کے بعد بکنگھم پیلس کی بالکونی پر کھڑے ہونے پر شاہ چارلس کو طیارے فلائی پاسٹ پیش کریں گے ۔ 

مزید خبریں :