کھیل
Time 06 مئی ، 2023

کیویز کیخلاف کامیابی اور ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے پر شاہد آفریدی کا خصوصی پیغام

فوٹو: پی سی بی اینڈ آفریدی فائل
فوٹو: پی سی بی اینڈ آفریدی فائل

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

جمعہ کو پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو پانچ میچز کی سیریز کے چوتھے ون ڈے میں 102 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی اور ساتھ ہی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئی۔

کراچی میں ہونے والے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 334رنز بنائے۔ بابراعظم 107 رنز کی اننگز  کے ساتھ نمایاں رہے۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 43.4 اوورز میں 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ٹام لیتھم 60 اور مارک چیپمین 46 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے اسامہ میر 4 اور محمد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 اس جیت کے ساتھ ہی 2005 میں آئی سی سی رینکنگز کے باضابطہ اجراء کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا۔

کیویز کے خلاف سیریز کے چوتھے میچ میں بھی کامیابی اور ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے  خصوصی پیغام جاری کیا۔

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ '102 رنز سے کامیابی اور ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننا شاندار ہے، ویلڈن کھلاڑیوں'۔ انہوں نے بابر اعظم کے ون ڈے میں 5 ہزار رنز مکمل ہونے اور میچ میں سنچری بنانے پر انہیں مبارک باد بھی دی اور اسامہ میر اور وسیم جونیئر کی بولنگ کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے لکھا کہ 'لڑکوں پوری قوم کو بہت فخر ہے، آپ نے آنے والے ورلڈکپ میں ہماری امیدیں بڑھا دی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کی رینکنگ پانچویں تھی، سیریز میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کے چاروں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

مزید خبریں :