06 مئی ، 2023
پاکستان کی بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے تحریری گارنٹی دی تو پاکستان ورلڈ کپ کھیلنے بھارت آئے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھارتی بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار جے شاہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی تحریری گارنٹی مانگے گا۔ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم بھیجنے سے قبل تحریری گارنٹی لیں گے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ جے شاہ نے ایشیا کپ کیلئے ہائیبرڈ فارمولے کی تصدیق نہیں کی، نجم سیٹھی دبئی میں آئندہ ہفتے کے دوران اے سی سی اور آئی سی سی عہدیداران سے ملاقات کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نجم سیٹھی یہ لابی بھی کریں گے کہ پاکستان بھارت میں ورلڈ کپ اس وقت تک کھیلنے نہیں جائے گا جب تک آئی سی سی اور بھارتی بورڈ تحریری گارنٹی نہیں دیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے ایشیا کپ کے پاکستان اور دبئی میں نہ ہونے کی صورت میں ایشیا کپ میں شرکت کے معاملے پر اپنی حکومت سے ایڈوائس مانگی ہے، چیئرمین نجم سیٹھی ایشیا کپ کیلئے ہائیبرڈ فارمولے کے علاوہ کوئی آپشن یا فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔
بھارتی میڈیا کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ایشیا کپ کہیں اور منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا تو پاکستان اس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ زور ڈالے گا کہ ایشیا کپ حوالے سے تاخیر نہ کی جائے جلد وینیوز اور شیڈول کا اعلان کیا جائے۔