25 دسمبر ، 2012
کراچی … گلشن اقبال کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی زخمی ہوگئے، واقعے میں ان کا ڈرائیور اور 2 محافظ جاں بحق ہوگئے۔ جیو نیوز کے مطابق گلشن اقبال میں موتی محل کے قریب نامعلوم افراد نے اورنگزیب فاروقی کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ سے ان کا ڈرائیور اور 2 محافظ جاں بحق ہوگئے۔ رہنما اہلسنت والجماعت تاج محمد حنفی کے مطابق گلشن چورنگی کے قریب فائرنگ کے واقعے میں مولانا اورنگزیب فاروقی زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ واقعے میں ان کا ڈرائیور اور 2 محافظ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ واقعے کے بعد گلشن اقبال کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ٹریفک بھی جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔