08 مئی ، 2023
عمان ائیر کی بنگلادیش کیلئے پرواز کے مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے نے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی تاہم مسافر کا انتقال ہو جانے پر طیارہ میت لے کر منزل کی طرف چلا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عمان ائیر کی پرواز ڈبلیو وائی 311 مسقط سے چٹاکانگ جا رہی تھی کہ پاکستان کی فضائی حدود میں بحیرہ عرب پرواز کے دوران ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پائلٹ کے رابطہ کرنے پر ائیر ٹریفک کنٹرولر نے بوئنگ 737 طیارے کو کراچی ائیرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ لینڈنگ کے بعد کراچی ائیرپورٹ کے ڈاکٹرز نے معائنےکے بعد شلجونی نامی مسافر کے انتقال کی تصدیق کر دی، بعد ازاں طیارہ میت لے کر منزل کی طرف روانہ ہوگیا۔