09 مئی ، 2023
افریقا میں ائیرلائنز کے سب سے بڑے نیٹ ورک ایتھوپیئن ائیر لائنز کی پاکستان کے بڑے شہر کراچی کیلئے 19 سال بعد پہلی براہ راست پرواز نے آج صبح مقررہ وقت پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفد نے اولڈ ٹرمینل پر پرواز کو خوش آمدید کہا، صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، اکرام اللہ دھاریجو اور مرتضیٰ وہاب بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ تھے۔
ادیس ابابا سے کراچی کیلئے پہلی پرواز میں ایتھوپیا کے اسٹیٹ منسٹر سمیت تین وزیر مملکت، ان کی وزارتوں کے اعلیٰ افسران، سفارتکاروں اور تجارتی وفد سمیت 110 مسافر کراچی پہنچے،مہمانوں اور پرواز کا روایتی اور والہانہ استقبال کیا گیا۔
ایتھوپیا نے کراچی کیلئے پہلی بار جولائی 1966میں براہ راست پروازوں کا آغاز کیا تھا جو دسمبر 1971 تک جاری رہا جس کے بعد دوبارہ جون 1993 سے جولائی 2004 تک یہ سروس جاری رہی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اب تیسری بار یہ سلسلہ لگ بھگ دو دہائی بعد آج 9 مئی سے شروع ہوا ہے۔ ایتھوپیئن ائیر لائن نے لگ بھگ 4 گھنٹے 25 منٹ دورانیہ کی اس پرواز کیلئے برانڈ نیو بوئنگ 737 میکس 8 طیارہ استعمال کیا ہے۔
کراچی کیلئے پہلی براہ راست پرواز ای ٹی 694 ادیس ابابا سے اگرچہ 52 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی تاہم پرواز مقررہ وقت سے ایک منٹ قبل صبح 5 بجکر 4 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پراتری۔
کراچی سے یہی طیارہ پہلی پرواز ای ٹی 695 کے طور پر صبح 6 بجکر 36 منٹ پر ادیس ابابا کیلئے روانہ ہوا۔
ایتھوپیئن ائیر لائن کی ادیس ابابا سے کراچی کیلئے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔
پاکستان میں ایتھوپیئن سفیر جمال بیکر نے گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے براہ راست پروازوں سے ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سیاحت کا فروغ قرار دیا۔ انہوں نے شکریہ ادا کیا کہ حکومت پاکستان نے فضائی رابطوں کی بحالی کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔