13 مئی ، 2023
برطانوی محکمہ جنگلی حیات کو ایک ایسے شخص کی تلاش ہے جو دنیا کے دور دراز جزیروں میں سے ایک پر 13 ماہ گزارنے کے لیے تیار ہو۔
نوکری حاصل کرنے والے ملازم کو ویران جزیرے پر پرندوں کی گنتی، ان کی مانیٹرنگ اور دیگر فیلڈ کے کام کرنے ہوں گے ،جس سے پرندوں کی آبادی کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔
بی بی سی کے مطابق رائل سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف برڈز (RSPB) نے گف نامی جزیرے پر ایک نئے فیلڈ آفیسر کے لیے نوکری کی کا اشتہار جاری کیا ہے۔
یہ برطانوی علاقہ جنوبی بحر اوقیانوس میں افریقا سے تقریباً 1500 میل دور ہے۔
اشتہار کے مطابق نوکری حاصل کرنے والے ملازم کو سالانہ 25 ہزار پاؤنڈز( 92 لاکھ روپے) سے 27 ہزار پاؤنڈز(99 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
یہ نوکری حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کے پاس سائنس کی ڈگری یا اس شعبے میں تجربہ جبکہ پرندوں کی مانیٹرنگ کرنےکے لیے اس ویران جزیرے پر کئی گھنٹے کام کرنے کا عزم بھی ہو۔
اندازہ ہے کہ اس جزیرے پر 80 لاکھ پرندے موجود ہیں،گف آئی لینڈ پر برطانیہ کی رائل سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف برڈز کے پہلے سے 7 ملازمین ملازمت کر رہے ہیں۔
اس جزیرے پر نوکری کرنے والے ملازمین کو پنشن، لائف انشورنس اور 26 دن کی سالانہ چھٹیوں کی سہولت بھی دی جاتی ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ شدید موسم اور ناکافی سہولیات کی وجہ سے اس جزیرے پر طویل عرصے تک رکنا کسی کے لیے بھی چیلنج سے کم نہیں ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئی ملازمت کے لیے تجربہ کار شخص کو ترجیح دی جائے گی۔
یونیسکو نے گف آئی لینڈ کو غیر متزلزل ماحولیاتی نظام کے لیے عالمی ثقافتی ورثہ کا درجہ دیا ہے کیونکہ یہ جنوبی بحر اوقیانوس میں سمندری پرندوں کے لیے ایک اہم پناہ گاہ کا کام کرتا ہے۔