24 دسمبر ، 2024
عرصے سے یہ بحث ہو رہی ہے کہ پیدائش کی ترتیب (یعنی گھر میں بڑے، منجھلے یا چھوٹے بچے) شخصیت پر اثرات مرتب کرتی ہے یا اس حوالے سے خیالات کمزور شواہد پر مبنی ہیں۔
دہائیوں پرانے دعوؤں کے بعد چند حالیہ تحقیقی رپورٹس میں پیدائش کی ترتیب سے شخصت پر مرتب ہونے والے بامعنی اثرات کے بارے میں بہت کم شواہد دریافت کیے گئے۔
مگر اب ایک نئی تحقیق میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیدائش کی ترتیب سے واقعی شخصیت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں، خاص طور پر منجھلے بچوں پر۔
کینیڈا میں ہونے والی اس تحقیق میں 7 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور دریافت ہوا کہ گھرانوں کے منجھلے بچے دیگر بہن بھائیوں کے مقابلے میں زیادہ تعاون کرنے والے ہوتے ہیں۔
درحقیقت منجھلے بچے ان شخصی خصوصیات میں اوسطاً زیادہ اسکور حاصل کرتے ہیں جو تعاون سے جڑی ہوتی ہیں اور وہ زیادہ ملنسار بھی ہوتے ہیں۔
یہی شخصی خصوصیات ان خاندانوں میں زیادہ دیکھنے میں آتی ہیں جہاں بچوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ جب کسی بڑے گروپ میں لوگوں کی پرورش ہوتی ہے تو ان کے اندر تعاون کرنے کی عادت پروان چڑھتی ہے۔
بروک یونیورسٹی اور کیلگری یونیورستی کی مشترکہ تحقیق کے مطابق یہ فرق بہت زیادہ بڑا نہیں مگر اس سے یہ ضرور عندیہ ملتا ہے کہ پیدائش کی ترتیب شخصیت پر بامعنی اثرات مرتب کرتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ پیدائش کی ترتیب کے مطابق شخصی خصوصیات مختلف ہوسکتی ہیں۔
اس تحقیق کے دوران لوگوں سے معلوم کیا گیا تھا کہ وہ اپنے بہن بھائیوں میں کس نمبر پر تھے یا تنہا بچے کے طور پر پرورش پائی۔
اسی طرح 75 ہزار افراد کے ایک الگ گروپ کے ڈیٹا کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان سے معلوم کیا گیا کہ ان کے کتنے بچے تھے۔
ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام میں ایسے شواہد سامنے آئے تھے کہ گھر میں سب سے بڑے بچے دیگر بہن بھائیوں کے مقابلے میں ذرا زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔
اس نئی تحقیق میں بھی یہی نتیجہ سامنے آیا مگر محققین نے دیگر فرق بھی دریافت کیے۔
انہوں نے دریافت کیا کہ زیادہ بہن بھائیوں کے ساتھ پرورش پانے والے افراد معاونت سے جڑی 2 شخصی خصوصیات میں زیادہ اسکور حاصل کرتے ہیں۔
یعنی ایسے افراد ماحول سے مطابقت پیدا کرنے اور دوسروں کے ساتھ زیادہ حقیقی اور شفاف تعلق کے خواہشمند ہوتے ہیں۔
سب سے بڑے اور چھوٹے بہن بھائیوں کے مقابلے میں منجھلے بچوں کا اس حوالے سے اسکور ذرا زیادہ ہوتا ہے جو دیگر سے اچھے اور مضبوط تعلق بنانا پسند کرتے ہیں۔
محققین کے مطابق بہن بھائیوں کی تعداد شخصی خصوصیات کے حوالے سے اہم عنصر ہے مگر پیدائش کی ترتیب بھی اہمیت رکھتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع ہوئے۔