15 مئی ، 2023
کراچی: عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج اورجلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں فردوس شمیم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کےمقدمے کی سماعت ہوئی جس میں پولیس نے فردوس شمیم کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ فردوس شمیم نے لوگوں کو اشتعال دلایا اور اکسایا، رہنماؤں کے ایما پرسرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایاگیا۔
تفتیشی افسر نے فردوس شمیم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا 2 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
واضح رہے کہ ملزم فردوس شمیم نقوی کےخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔