15 مئی ، 2023
سعودی عرب کا پہلا خلائی مشن 21 مئی کو روانہ کیا جائے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے 2 خلا باز علی القرنی اور ریانا برناوی 21 مئی کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے روانہ ہوں گے۔
یہ خلائی مشن اس لیے بھی تاریخ ساز ہے کیونکہ ریانا برناوی خلا میں جانے والی پہلی عرب مسلم خاتون ہوں گی۔
سعودی خلائی مشن امریکا سے آئی ایس ایس کے لیے روانہ ہوگا۔
امریکی خلائی ادارے ناسا نے 21 مئی کو سعودی خلا بازوں کی آئی ایس ایس روانگی کی تصدیق کی ہے۔
آئی ایس ایس میں قیام کے دوران یہ دونوں خلا باز مختلف سائنسی تجربات کریں گے جبکہ سعودی طالبعلموں سے لائیو فیڈ کے ذریعے بات چیت بھی کریں گے۔
سعودی عرب نے ستمبر میں ویژن 2030 کے تحت خلا باز پروگرام کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد خلائی کھوج کے لیے لوگوں کو تیار کرنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برناوی اور القرنی کے علاوہ 2 اور خلابازوں، مریم فردوس اور علی الغامدی کو بھی مستقبل کے خلائی مشن کے لیے سعودی اسپیس فلائٹ پروگرام کے تحت تربیت دی جا رہی ہے۔