15 دسمبر ، 2024
امریکی ریاست میساچوسٹس میں گزشتہ دنوں پولیس سے بچ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والا شخص گھر کی چمنی میں پھنس گیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسران ایک سرچ وارنٹ کی تعمیل کر رہے تھے جب یہ شخص فرار کی کوشش میں چمنی میں جا گھسا اور وہیں پھنس گیا یوں وہ اسی پولیس کی مدد کا محتاج ہوگیا جس سے وہ بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائر فائٹرز اور ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے اہلکار چمنی کو توڑ کر اس شخص کو نکال رہے ہیں۔
بعد ازاں ملزم کو احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا اور پھر باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔