کھیل

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی گرلز ہاکی ٹیم نے چھ سال بعد سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

ایچ ای سی کی ٹیم نے صوبہ سندھ کی ٹیم کو شکست دیکر یہ کارنامہ انجام دیا— فوٹو: جیو نیوز
ایچ ای سی کی ٹیم نے صوبہ سندھ کی ٹیم کو شکست دیکر یہ کارنامہ انجام دیا— فوٹو: جیو نیوز

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے 6 سال بعد نیشنل گیمز کے گرلز ہاکی مقابلوں میں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

کوئٹہ میں جاری 34 ویں نیشنل گیمز کے ہاکی مقابلے نواب غوث بخش ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہیں۔

ایچ ای سی کی ٹیم نے صوبہ سندھ کی ٹیم کو شکست دیکر یہ کارنامہ انجام دیا، فائنل فور میں رسائی پر ایچ ای سی کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن نے ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہاکی ٹیم اپنی عمدہ کارکردگی کے سلسلے کو سیمی فائنل میں بھی جاری رکھے گی اور فائنل میں بھی رسائی حاصل کرے گی۔

جاوید علی میمن نے ٹیم کے منیجر و ہیڈ کوچ سابق انٹرنیشنل کھلاڑی مبشر مختار اور کوچ سمن خان کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔

 ایچ ای سی کی ٹیم گروپ (اے) میں شامل ہے اسے اپنے پہلے میچ میں مضبوط حریف و قومی چیمپئن پاکستان واپڈا کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم سندھ کیخلاف ایچ ای سی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

ان کی جانب سے مریم حسین نے پینالٹی کارنر پر گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ایچ ای سی کا سیمی فائنل مقابلہ پاکستان آرمی سے ہوگا۔ ایچ ای سی کی ٹیم میں عائشہ مہک، اقصٰی جاوید، زیاج میر، تبارکہ طارق، حمیرا رفیع، مریم حنیف (کپتان)، مریم حسین، سائرہ مراد، اریبہ سرور،  بشریٰ لیاقت، اریبہ یعقوب، سدرہ منتہا، صدف رفیع، ملیحہ، فاطمہ زہرہ، صباء ریاض، یمنا فاطمہ، سندس صدیقی اور رخسار شامل ہیں۔

مزید خبریں :