17 مئی ، 2023
سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) رمیز راجہ نے ایشیا کپ کے معاملے پر نجم سیٹھی کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
رمیز راجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نےانگلینڈ میں ایشیاکپ کھیلنےکی بات کی، جس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ایشیاکپ کا مقصد برصغیر کی کنڈیشنز سے ورلڈکپ سے قبل ہم آہنگ ہونا ہے، نجم سیٹھی نے ایشیاکپ کا فائنل لارڈز میں کرانے کا کہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل اقدامات کر کے پاکستان میں بڑی ٹیموں کو دورہ کروایا ہے، نجم سیٹھی کہہ رہے ہیں کہ ٹیکس کے باعث پی ایس ایل عرب امارات لے کر جانا چاہیے۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ایشیاکپ یورپ اور پی ایس ایل دبئی میں کروانے کی باتوں سے کرکٹ کہاں لےجائی جارہی ہے جبکہ پی سی بی کے ریجنل انتخابات میں دھاندلی کی جا رہی ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ شان مسعود کے پاس فارم نہیں تو زبردستی کیوں کھلایا جائے، پاکستان کرکٹ ٹیم کا کمبی نیشن مشکل سے بنایا لیکن چھیڑ چھاڑ جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایشیا کپ کے حوالے سے بنگلادیش اور سری لنکا نے نئے ہائبرڈ ماڈل کے لیے گرین سگنل دے دیا۔