Time 20 مئی ، 2023
پاکستان

سابق رکن قومی اسمبلی ملک جواد حسین کا بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

فوٹو: رپورٹر
فوٹو: رپورٹر

خیبرپختونخوا میں جمعہ کے روز پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر کے بعد قبائلی ضلع اورکزئی کے سابق رکن قومی اسمبلی ملک جواد حسین نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ 

ملک جواد حسین نے جیو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ 9 مئی واقعات کو دیکھ کر انتہائی مایوسی ہوئی، سیاست کیلئے فوجی تنصیبات اور سرکاری املاک کو جلانا قابل مذمت ہیں۔ 

انہوں نے 9 اور 10 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ میں نے پی ٹی آئی کے ساتھ اپنے دور میں وفاداری کی، عمران خان کے کہنے پر قومی اسمبلی سے استعفیٰ بھی دیا تھا۔ 

ملک جواد حسین نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بغیر کسی دباؤ کے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہیں ۔ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ ادارے اور ملک ہماراہے،جب ادارے مضبوط ہوں تو پاکستان مضبوط ہوگا، انہوں نے اپنے ووٹرز ، علاقہ عمائدین کے ساتھ صلاح و مشورے کے بعد آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کا اعلان کیا۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے رہنما و سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال وزیر کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی حکومت نے مجھے صوبائی وزیر برائے ریلیف بنایا تھا، ہرموقع پرپارٹی سے وفاداری کا ثبوت دیا، 9 مئی کودلخراش واقعات پیش آئے۔

مزید خبریں :