20 مئی ، 2023
پاکستان کے معروف گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کا کہنا ہے کہ رات گئے ان کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا جس میں ان کے گھر والوں کو ہراساں کیا گیا۔
ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں ابرار الحق نے اپنے گھر پر پولیس کے چھاپے کی شدید مذمت کی، انہوں نے بتایا کہ 'رات گئے پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا جس دوران ان کے گھریلو ملازمین پر تشدد کیا گیا جو کہ معصوم لوگ تھے، ساتھ ہی میرےگھر والوں کو پولیس کی جانب سے ہراساں کیا گیا'۔
گلوکار نے کہا کہ 'پولیس والے بغیر اجازت گھر میں داخل ہوئے اور تلاشی شروع کردی، اس دوران بچوں کو ان کے نانا کے گھر بھیجنے سے بھی روک دیا گیا اور دھمکی دی گئی کہ وہ میرے بیٹے کو اُٹھا کر لے جائیں گے پھر اس کا باپ آئےگا'۔
ابرار الحق نے ویڈیو بیان میں سوال کیا کہ 'بچوں کے باپ نے آخر کیا کیا ہے؟ میں نے سیاسی زندگی میں ہمیشہ کوشش کی کہ پیار سے گزاروں، میں تو 9 مئی کے واقعات پر بھی مذمت کرتا رہا ہوں جس کے ثبوت میڈیا پر موجود ہیں، میں نے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا اور لوگوں کو درس دیتا رہا کہ وہ توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ نہ کریں'۔
گلوکار نے ویڈیو میں کہا کہ 'میری سمجھ سے باہر ہے کہ یہ لوگ مجھے کیوں اٹھانا چاہتے ہیں؟'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'میں پاک فوج سے بےحد محبت کرتا ہوں، میرے خاندان کا فوج سے تعلق رہا ہے اور میں خود بھی فوج میں جانا چاہتا تھا'۔