18 دسمبر ، 2024
بالی وڈ اداکار عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’لاپتا لیڈیز' آسکرز کیلئے شارٹ لسٹ نہ ہوسکی البتہ فلسطینی فلم نے جگہ بنالی۔
فلم ’لاپتا لیڈیز'یکم مارچ 2024 کو ریلیز کی گئی تھی جسے بھارت میں کافی پسند کیا گیا جس کے بعد بھارت کی جانب سے اسے دنیا کے سب سے بڑی ایوارڈز آسکرز 2025 کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
فلم فیڈریشن آف انڈیا نے اعلان کیا تھا کہ فلم لاپتا لیڈیز کو آسکر ایوارڈز 2025 میں انٹرنیشنل فلم کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا۔
اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز (AMPAS) نے بدھ کو اعلان کیا کہ بھارتی فلم ’ لاپتا لیڈیز'ان 15 فلموں میں شارٹ لسٹ نہیں ہوسکی جنہوں نے آگے جاکر آخری 5 نامزدگیوں میں جگہ بنانی ہے۔
تاہم برطانوی و بھارتی فلمساز سندھیا سوری کی فلم 'سنتوش'، جس میں بھارتی اداکارہ شاہانہ گوسوامی اور سونیتا راجوار نے اداکاری کی ہے وہ برطانیہ کی جانب سے آسکرز کے لیے شارٹ لسٹ کی گئی 15 فلموں میں شامل ہو گئی ہے۔
اس فہرست میں فرانس کی 'ایمیلیا پیریز'، برازیل کی 'آئی ایم اسٹل ہیئر'، کینیڈا کی 'یونیورسل لینگویج'، جمہوریہ چیک کی 'ویوز'، ڈنمارک کی 'دی گرل وِد دی نیڈل' اور جرمنی کی 'دی سیڈ آف دی سیکریڈ فگ' بھی شامل ہیں۔
شارٹ لسٹ کی گئی دیگر فلموں میں آئس لینڈ کی 'ٹچ'، آئرلینڈ کی 'نی کیپ'، اٹلی کی 'ورمیگلیو'، لیٹویا کی 'فلو'، ناروے کی 'آرمنڈ'، فلسطین کی 'فرام گراؤنڈ زیرو'، سینیگال کی 'داہومی'، اور تھائی لینڈ کی 'ہاو ٹو میک ملینز بیفور گرینڈما ڈائیز' شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فلم لاپتا لیڈیز میں ماضی کا زمانہ دکھایا گیا تھا جس میں ایک شخص کی بیوی ٹرین میں کسی اور شخص کی بیوی سے تبدیل ہوجاتی ہے، گھونگھٹ کی وجہ سے وہ اپنی بیوی کو پہچان نہیں پاتا اور یہ راز گاؤں پہنچنے کے بعد پتا چلتا ہے۔
بعدازاں وہ جی جان لگاکر اپنی اہلیہ کو ڈھونڈتا ہے جب کہ جو لڑکی اس کے ساتھ آئی ہوتی ہے وہ بھی اس کی مدد کرتی ہے، وہ خود اپنی شادی ختم کرنا چاہتی ہے۔
اس فلم کے مرکزی کرداروں میں پراتبھا رانتا، سپارش شریواستو اور نیتانشی گوئل شامل ہیں۔