22 مئی ، 2023
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں ہوئےاجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
اتوار کو لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اہم سیاسی شخصیات اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے، اجلاس میں تمام صوبوں کے نمائندے اور وفاقی افسران بھی شریک تھے۔
اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے 9 مئی سے متعلق گرفتاریوں اور کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عسکری تنصیبات پر حملوں کے مقدمات قانون کے مطابق فوجی عدالت میں چلیں گے جبکہ سویلین عمارتوں پر جنہوں نے حملہ کیا اُن کا مقدمہ انسداد دہشتگردی عدالت میں چلےگا۔
وزیراعظم نے شرکاء سے کہا کہ جنہوں نےفوجی تنصیبات پر حملہ کیا اُن کے لیے نئی عدالتیں نہیں بن رہیں،ملک میں پہلے سے فوجی عدالتیں موجود ہیں جو ان مقدمات کو سُنیں گی۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کرنے والے 1800 مظاہرین کی شناخت کرلی گئی ،400 مظاہرین کورکمانڈر ہاؤس کےاندر جبکہ 1400 باہر موجود تھے۔