30 مئی ، 2023
اسلام آباد کی عدالت نے متنازع ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل نے اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹوئٹ کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے اعظم سواتی کی عدم حاضری پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر کردی۔
دورانِ سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ وارنٹ کی تعمیل کی کارروائی کی گئی ہے لیکن وارنٹ کی تعمیل کے وقت اعظم سواتی اپنے گھر میں موجود نہیں تھے۔
اعظم سواتی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرا اعظم سواتی سے رابطہ نہیں ہو سکا، تفتیشی افسر وارنٹ کی تعمیل کےلیے کہاں گئے،کیسے تعمیل کروائی؟
اسپیشل جج سینٹرل اعظم خان نے وارنٹ کی تعمیل کروانے والے اہلکار کو طلب کرلیا اور سماعت میں وقفہ کردیا۔
بعد ازاں عدالت نے اعظم سواتی کی عدم پیشی پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردی۔