29 دسمبر ، 2022
متنازع ٹوئٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کردی گئی۔
14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نصیرالدین نےاعظم سواتی کےجوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کر دی۔
اعظم سواتی کیس کا چالان تاحال عدالت میں پیش نہ ہوسکا، عدالت نےکیس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سینیٹرز کو اعظم سواتی کیس اجاگر کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے، پی ٹی آئی نے سینیٹ کے فلور اور عدلیہ کے سامنے انسانی حقوق سے متعلق معاملات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان نےکہا کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ڈی ایم حکومت آئینی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری کا کہنا ہےکہ اعظم سواتی کےساتھ جوسلوک ہو رہا ہے وہ قابل مذمت ہے، اعظم سواتی کا جرم یہ تھا کہ اس نے کہا این آر او ٹو باجوہ نے دلوایا۔