01 جون ، 2023
پشاور میں 9 اور 10 مئی کو سابق ایم پی ایز اور پی ٹی آئی کے مقامی قائدین کا پرتشدد مظاہرین کے ساتھ مسلسل رابطے کا انکشاف ہوا ہے۔
جیو فنسنگ کے ذریعے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے درمیان رابطوں کا پتہ چلایا گیا ہے۔
جیو نیوز کو موصول جیو فنسنگ رپورٹ میں سابق ایم پی ایز میں فضل الٰہی ،ملک واجد اور پیر فدا محمد کا نام شامل ہے جو مختلف موبائل ٹاور سے ریڈیو پاکستان ، باچا خان چوک ، اسمبلی چوک اور قلعہ بالا حصار کے اطراف میں موجود کارکنان کے ساتھ رابطے میں تھے۔
جیو فنسنگ رپورٹ کے مطابق سابق ضلع ناظم عاصم خان، مینا خان سمیت پارٹی کے دیگر مقامی رہنما بھی رابطے میں تھے۔
9 اور 10 مئی کے بعد سابق ایم پی ایز فضل اٰلہی ، ملک واجد اور پیر فدا محمد سمیت متعدد رہنما روپوش ہو چکے ہیں ۔
سی سی پی او سید اشفاق انور نے جیو نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے مظاہرین گرفتاری کے ڈر سے گھروں سے غائب ہیں۔ جہاں سے بھی سراغ ملا، نامزد ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں دہشت گردی کے تحت درج 5 مقدمات میں اب تک 275 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں ۔