29 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…آزاد کشمیر سمیت ملک کے تمام بالائی علاقوں میں آج بھی برفباری اور بعض حصوں میں بارش کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کشمیر اور گلگت بلتستان میں چندایک مقامات پر مزید برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔گلگت بلتستان میں مسلسل تین روز سے پڑنے والے اولوں نے نظام زندگی مفلوج کردیا ہے۔اسکردو،استور اور دیامرکے کئی بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہے۔سوات کے تفریحی مقامات میاندم،کالام اور مالم جبہ میں بھی آج صبح سے ہی وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے۔بعض علاقوں میں ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے۔کاغان،ناران اور شوگران کے تفریحی مقامات کے حْسن کو برفباری کے بعد چار چاند لگ گئے ہیں۔مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کی زیریں وادیاں برسات سے اوربھی نکھر گئی ہیں۔جبکہ کیل ،شاردہ،وادی گریز اور وادی لیپہ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔بالائی وادی نیلم،وادی گریز اور وادی لیپہ کا راستہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگیا ہے۔شمالی بلوچستان میں بھی برفباری کے بعد یخ بستہ ہواوٴں کا راج ہے۔