وہ فلم جس کے باعث دنیا بھر میں 'پنک پینٹ' کی قلت ہوگئی

فلم کا ایک سین / اسکرین شاٹ
فلم کا ایک سین / اسکرین شاٹ

ہالی وڈ ڈائریکٹر گریٹا گروگ کی فلم 'باربی' کے لیے اتنا پنک (گلابی) پینٹ استعمال کیا گیا کہ اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں اس کی قلت ہوگئی۔

باربی ڈول یا گڑیا کا نام تو دنیا بھر میں بچوں کو معلوم ہے اور اب اس پر ایک فلم بھی ریلیز ہو رہی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران ڈائریکٹر گریٹا گروگ اور فلم کی پروڈکشن ڈیزائنر سارہ گرین ووڈ نے فلم کے لیے باربی لینڈ کی تعمیر پر بات کی۔

یہ باربی لینڈ اس گڑیا کے مشہور ڈریم ہاؤس کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا تھا جس میں ہر جگہ گلابی رنگ کا استعمال ہوا۔

سارہ گرین ووڈ نے بتایا کہ باربی فلم کے نتیجے میں دنیا بھر میں پنک پینٹ کی قلت ہوگئی تھی۔

ایک پینٹ کمپنی کی نائب صدر لورین پراؤڈ نے بھی تصدیق کی کہ فلم کے لیے ہماری کمپنی کے پاس موجود تمام پنک پینٹ استعمال کیا گیا، مگر عالمی قلت کی وجہ فلم کی شوٹنگ کے ساتھ ساتھ کووڈ 19 کی وبا سے سپلائی چین متاثر ہونا بھی تھی۔

اس فلم کی شوٹنگ 2021 میں ہوئی تھی۔

فلم کی ڈائریکٹر نے بتایا کہ شوخ گلابی رنگ کا استعمال فلم کے لیے ضروری تھا اور ہم شوخ رنگ بہت زیادہ مقدار میں استعمال کرنا چاہتے تھے۔

خوش قسمتی سے سیٹ ڈیزائنرز فلم کے لیے کافی مقدار میں پینٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

اس فلم میں مارگوٹ روبی باربی کا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ اداکار ریان گوسلین کین ڈول کے روپ میں نظر آئیں گے۔

یہ فلم 21 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :