10 جون ، 2023
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا لہٰذا ری امیجننگ والے پاکستان کو ڈرانا بند کریں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے 4 ارب ڈالر فائنانسنگ کا بندوبست کر لیا تھا، آئی ایم ایف مزید دو ارب ڈالر کی فائنانسنگ کا بندوبست کرنے کا کہہ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے ختم ہونے والے مالی سال میں ادائیگیوں کا ہر وعدہ پورا کیا ، ساڑھے پانچ بلین ڈالر کمرشل بینکوں کو واپس کیے ، فروری میں نواں ریویو مکمل ہو جانا چاہیے تھا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، ری امیجننگ والے پاکستان کو ڈرانا بند کریں، ٹیکس وصولیوں کا ہدف 7200 ارب روپے سے بڑھا کر 9200 ارب کر دیا ہے ، یہ ہدف حاصل کر لیں گے، آئی ایم ایف نے بھی اسے چیلنج نہیں کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کا عوام پر بوجھ پڑا، اسے مزید بڑھانے کا ارادہ نہیں ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دوست ممالک سے ہم ابھی سے قرض کو ری اسٹرکچر کرنے کے لیے بات کرنے کے مرحلے میں ہیں۔ ہم اُن کے مکمل پیسے واپس کریں گے مگر قرض واپسی کا دورانیہ بڑھانے پر مذاکرات کریں گے۔