11 جون ، 2023
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بری پرفارمنس پر بھارتی کرکٹ ٹیم کےسابق ہیڈ کوچ روی شاستری انڈین کھلاڑیوں پر برس پڑے۔
ٹیسٹ کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بننے کے لیے بھارت کو 280 رنز جب کہ آسٹریلیا کو 7 وکٹیں درکار ہیں، اوول میں جاری فائنل میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کےلیے 444 رنز کا ہدف دیا جواب میں بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنالیے ہیں اور اسے مزید 280 رنز درکار ہیں۔
تاہم ٹیم کی کارکردگی سے بھارتی کرکٹ ٹیم کےسابق ہیڈ کوچ روی شاستری کافی مایوس ہوئے ہیں۔
روی شاستری نے اس حوالے سے کہا کہ انڈین کھلاڑیوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ فرنچائز کرکٹ (آئی پی ایل) کھیلنی ہے یا ملک کے لیے کھیلنا ہے، تمام پلیئرز کو اپنی ترجیحات بتانی چاہیئں کہ ان کی ترجیحات کیا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی فرنچائز کرکٹ کو ترجیح دیتے ہیں تو ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ بھول جائیں، بی سی سی آئی کو فرنچائز کرکٹ کےمعاملے پر سامنے آنا ہوگا، بھارتی بورڈ کو کنٹریکٹ میں شق ڈالنی چاہیے کہ وہ کسی وقت بھی کھلاڑیوں کو فرنچائز کرکٹ سے روک سکیں۔
روی شاستری نے کہا کہ کنٹریکٹ میں شق ڈالنے کےبعد فرنچائز سے پوچھا جائے کہ وہ کسی بھی کھلاڑی پر کتنی انویسٹمنٹ کرنا چاہتے ہیں۔