Time 12 جون ، 2023
کاروبار

روسی تیل کی تسلسل کے ساتھ فراہمی کے بعد قیمتوں میں فرق آئیگا: مصدق ملک

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہےکہ روس سے تیل کی فراہمی تسلسل کے ساتھ شروع ہوجائےگی تو قیمتوں میں فرق آئےگا۔

جیو نیوز کے پروگرام 'جیو پاکستان' میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ضرورت کا ایک تہائی خام تیل روس سے لینا شروع ہوجائیں گے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا، ہمارا ہدف ہےکہ ایک تہائی خام تیل رعایتی قیمت پر روس سے آئے، جب ہم اپنا ہدف حاصل کرلیں گے تو  تیل رعایتی قیمت پر ہوگا، اصل قیمت اس وقت نہیں بتاسکتا، تاہم اس کا بہت بڑا فرق آئے گا اور اثر لوگوں کی جیب تک پہنچےگا۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ابھی پہلا جہاز آیا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ایک ڈیڑھ مہینے میں تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہوجائے۔

روسی تیل کی خریداری کے حوالے سے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اگر آپ معاہدوں کی پاسداری کریں اور شفافیت رکھیں تو عالمی سطح پر کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، ہم نےکوشش کی ہےکہ عوام کے لیے سستا تیل لےکر آئیں۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ ہمارا روس کے ساتھ ابھی ایک لاکھ ٹن تیل کی خریداری کا معاہدہ ہوا ہے جو کہ دو جہازوں میں آنا تھا، ایک جہاز آچکا ہے جس کی ترسیل آج شروع ہوجائے گی، دوسرا جہاز بھی ایک ہفتے میں پہنچ جائے گا۔

مزید خبریں :