15 جون ، 2023
کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم عمران خان کے سابق مشیر برائے بحری امور محمود مولوی نے دعویٰ کیا ہےکہ انہیں استحکام پاکستان پارٹی سمیت پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے بھی شمولیت کی دعوت دی ہے۔
ایک بیان میں محمود مولوی کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ پیریا منگل کوکروں گا۔
محمود مولوی کا کہنا تھا کہ آفر دیکھ کر فیصلہ کروں گا کہ سیاسی جماعت میں شمولیت کی پیشکش قبول کرنی ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں، عمران اسماعیل اور علی زیدی انفرادی سطح پر فیصلہ کریں گے۔
خیال رہےکہ محمود مولوی رواں سال فروری میں کراچی سے قومی اسمبلی نشست این اے 245 پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، وہ سینیئر نائب صدر پی ٹی آئی کراچی بھی رہے ہیں۔
انہوں نےگزشتہ ماہ 16 مئی کو تحریک انصاف چھوڑنے اور قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونےکا اعلان کیا تھا، وہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاج کے بعد پارٹی چھوڑنے والے تحریک انصاف کے پہلے رہنما تھا۔
واضح رہے کہ سینیئر سیاستدان جہانگیر ترین نے گزشتہ دنوں اپنی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا تھا، تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکرٹری کی پارٹی میں شامل ہونے والوں کی اکثریت پی ٹی آئی کے سابق ارکان پر مشتمل ہے۔