16 جون ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کے لیے سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر مورنے مورکل سے معاہدہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق عمرگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے عبوری بولنگ کوچ مقرر کر رکھا تھا تاہم اب کرکٹ بورڈ کا سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر مورنے مورکل سے معاہدہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مورنے مورکل سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جولائی میں دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ہونی ہے۔
مورنے مورکل کے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے لگنے والے کیمپ میں بھی دستیاب ہونے کا امکان ہے۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی کھلاڑیوں کا کیمپ جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں لگے گا جس کے بعد کھلاڑی سری لنکا کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
مورنے مورکل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم کے علاوہ کئی ٹیموں کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔