دنیا
Time 18 جون ، 2023

پاکستان کو تیل کی خریداری پر کوئی خصوصی رعایت نہیں دی: روسی وزیر توانائی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

روس کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تیل کی خریداری پر کوئی خصوصی رعایت نہیں دی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق سینٹ پیٹرز برگ میں عالمی اقتصادی کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے روس کے وزیر توانائی نکولائی شلگینوف نےکہا کہ پاکستان کو تیل کی سپلائی شروع ہوچکی ہے اور  اس کی مد میں چینی کرنسی یوآن کو  بطور ادائیگی قبول کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

روسی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے تیل کی قیمت میں کوئی خصوصی رعایت نہیں کی گئی، پاکستان کو بھی دیگر خریداروں کے برابر قیمت میں تیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پاکستان سے بارٹر سپلائی کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے لیکن اس ضمن میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 11 جون کو اعلان کیا تھا کہ روس سے پہلا ’رعایتی خام تیل کارگو‘ کراچی کی بندرگاہ پر لنگرانداز ہوگیا ہے، شہباز شریف نے تیل کی آمد کو پاکستان اور روس کے درمیان نئے تعلقات کے دور کا آغاز قرار دیا تھا۔

روس کا پہلا خام تیل کارگو کراچی کی بندرگاہ پر گزشتہ دنوں لنگرانداز ہوا تھا، فوٹو: رائٹرز
روس کا پہلا خام تیل کارگو کراچی کی بندرگاہ پر گزشتہ دنوں لنگرانداز ہوا تھا، فوٹو: رائٹرز

بعد ازاں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے بتایا  تھا کہ پاکستان نے روسی خام تیل کی درآمد کے لیے روس کو  یوآن میں ادائیگی کی ہے۔

مزید خبریں :