20 جون ، 2023
اسلام آباد کی عدالت نے ٹک ٹاکر صندل خٹک کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی۔
اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کی عدالت میں حریم شاہ لیک ویڈیوز کیس کی سماعت ہوئی۔
ملزمہ صندل خٹک کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ہوئی۔
ملزمہ کی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ صندل خٹک کو کوئی نوٹس نہیں ملا تھا لیکن مقدمہ درج کرلیاگیا، حریم شاہ کی صندل خٹک کےخلاف ایف آئی اے لاہور اور پشاور میں درخواست خارج ہوئی۔
وکیل کا کہنا تھاکہ صندل خٹک نے لائیو اسٹریمنگ شئیر کی، ریکارڈنگ نہیں کی، صندل خٹک کے موبائل سے کوئی ثبوت نہیں ملا اور ٹک ٹاک کے قوانین کے مطابق نازیبا ویڈیوز اپلوڈ نہیں کی جاسکتیں۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حریم شاہ کی جب ویڈیوز بنائی گئیں تو تب وہ ہنس رہی تھیں، ان کی ویڈیوز ان کی رضامندی سے بنائی گئیں، صندل خٹک سے دوران تفتیش کچھ برآمد نہیں ہوا،تفتیش میں درکار بھی نہیں۔
وکیل نے دلائل دیے کہ صندل خٹک نے موبائل دے دیا لیکن حریم شاہ کا موبائل نہیں لیاگیا۔
بعدازاں عدالت نے ملزمہ صندل خٹک کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حریم شاہ کی ویڈیوز لیک کیس میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد صندل خٹک کو گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا تھا۔