Time 21 جون ، 2023
کاروبار

کراچی کے بجلی صارفین سے 12 ماہ تک ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ سرچارج وصولی کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ فوٹو فائل
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ فوٹو فائل

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے بجلی صارفین پر ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ سرچارج لگانے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے بجلی صارفین پر سرچارج لگانے کی منظوری دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے بجلی صارفین سے 12 ماہ میں سرچارج کی مد میں ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ وصولی کی جائے گی۔

ای سی سی نے لکڑی کی درآمد کے لیے مروجہ شرائط منسوخ کرنے کی منظوری دیتے ہوئے وزارت قومی غذائی تحفظ کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں نظر ثانی شدہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان پر بھی غور کیا گیا، کمیٹی نے سرکاری بجلی گھروں کو 20 ارب روپے استعمال کرنے کی اجازت دے دینے کے علاوہ آزاد کشمیر کے واجبات کی مد میں 56 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں حکومتی اداروں کو فارما سیوٹیکل کا خام مال درآمد کرنے کی منظوری دی گئی ہے اور مختلف وزارتوں اور محکموں کی ضمنی گرانٹس دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔