22 جون ، 2023
قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم سری لنکا میں سیریز جیت سکتی ہے ۔
عمر اکمل نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ سری لنکا میں ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں ، کیمپ میں قومی کرکٹرز نے دورہ سری لنکا کے لیے سخت محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی عید کے بعد پھر کیمپ لگنا ہے تیاری کا مزید موقع ہے ۔
عمر اکمل نے کہا کہ جو کرکٹرز منتخب ہو ئے ہیں وہ تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہے ہیں، ٹف کنڈیشنز کے باوجود پاکستان ٹیم سیریز جیتے گی۔
اپنی فٹنس سے متعلق پاکستانی کرکٹرز کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے بہت محنت کی ، میں نے ابھی ہار نہیں مانی ، فٹنس پر مزید کام جاری رکھوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں عمر اکمل نے کہا کہ میری مڈل آرڈر میں پرفارمنس سب کے سامنے رہی ہے ،کرکٹ فینز بہتر بتا سکتے ہیں کہ مڈل آرڈر میں میری ضرورت ہے یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت مڈل آرڈر میں افتخار احمد بھی اچھا پرفارم کر رہے ہیں ، ان کے لیے نیک خواہشات ہیں ۔
خیال رہے کہ عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی اطلاع نا دینے پر معطل کیا گیا تھا جس پر کرکٹر نے معافی بھی مانگی تھی، قومی کرکٹر کو 2020 میں پی سی بی نے تمام کرکٹ سرگرمیوں سے روک دیا تھا۔
بعد ازاں عمر اکمل کو 2021 میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔