22 جون ، 2023
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کے گھر پر چھاپے کے دوران ملازمین پر تشدد کیا گیا، پولیس شیخ رشید کے گھر سے 2 گاڑیاں بھی ساتھ لے گئی۔
شیخ رشید کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے اور گھر پر چھاپے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات دیے جائیں۔
عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کے دلائل کے بعد آئی جی اسلام آباد اور ایس ایچ او تھانہ کوہسار کونوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمات اورپولیس چھاپے کی تفصیلات طلب کر لیں۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور ایس ایچ او تھانہ کوہسار کونوٹس جاری کرتے ہوئے 27 جون تک جواب طلب کر لیا۔