25 جون ، 2023
کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں 2 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی کارروائی میں غلام عباس نامی شخص کو کینٹ اسٹیشن کراچی کے قریب واقع ہوٹل سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم بیرون ملک ملازمت کے نام پر سادہ لوح شہریوں سے پاسپورٹس اور لاکھوں روپے وصول کر رہا تھا جبکہ ایک اور کارروائی میں آگرہ تاج کالونی سے طاہر محمود نامی شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کی گرفتاری جعلی ویزوں کے باعث ڈی پورٹ ہونے والے افراد کی نشاندہی پر کی گئی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کو جعلی ویزے دیے تھے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یونان میں تارکین وطن کی کشتی کے ساتھ پیش آنے والے سانحے کے بعد ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
14 جون کو یونان کے ساحلی علاقے میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا حادثہ پیش آیا تھا، کشتی میں پاکستانی، مصری، شامی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 750 تارکین وطن سوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوبنے والی کشتی میں تقریباً 400 پاکستانی تھے جن میں سے صرف 12 زندہ بچ پائے تھے جبکہ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یونان میں الٹنے والی کشتی میں سوار پاکستانیوں کی اب تک کی تعداد 350 ہے، حادثے میں بچائے گئے104 افراد میں صرف 12 پاکستانی ہیں۔