26 جون ، 2023
آئندہ ماہ فیفا ونڈو میں فرینڈلی میچز کیلئے پاکستان ویمن ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں، نیدرلینڈز میں کھیلنے والی کائنات بخاری نے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے جبکہ پی ایف ایف نے کرغیزستان اور ماریشیز کے بعد اب سنگاپور سے میچز کیلئے بات چیت شروع کردی ہے۔
انٹرنیشنل فرینڈلیز کی تیاریوں کیلئے پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں جاری ہے، نیدرلینڈز میں کھیلنے والی اٹیکر کائنات بخاری نے اسکواڈ کو جوائن کرلیا جبکہ کائلہ صدیقی اور ذولفیا نذیر عید کے بعد کیمپ جوائن کریں گی ۔
کراچی میں جاری کیمپ میں پلیئرز، کوچ عدیل رضکی کی نگرانی میں ٹریننگ حاصل کر رہی ہیں، عدیل رضکی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ٹیم نے گزشتہ چند دنوں میں بھرپور ٹریننگ کی ہے، کوشش ہے کہ ٹیم اٹیکنگ فٹبال کھیلنے میں مہارت حاصل کرلے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حریف کے مطابق پلیئرز کے ون آن ون چیلنجز کیلئے بھی تیاری ہوتی ہے کیوں کہ میچ کے دوران اٹیکر اور ڈیفینڈر آمنے سامنے ہوں تو ون آن ون کی تیاری کافی اہم ہوتی ہے۔
دوسری جانب نیدرلینڈز میں لیگ کھیلنے والی کائنات بخاری نے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے، کائنات بخاری اس سے پہلے بھی کیمپ میں شریک رہی تھیں مگر میچز نہیں کھیل پائی تھیں تاہم اس بار وہ پاکستان کلرز کیلئے تیار ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں کائنات بخاری نے کہا کہ ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ پاکستان ٹیم کی نمائندگی پر فخر محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی پوری کوشش کریں گی۔
کائنات بخاری نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز میں گراس روٹ فٹبال میں بہت فرق ہے، پاکستان ٹیم میں ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اور مقامی پلیئرز ، ایک دوسرے سے زیادہ سے زیادہ سیکھیں۔
فیفا ویمن فرینڈلی ونڈو 10 سے 18 جولائی کے درمیان ہے، پاکستان فٹبال فیڈریشن ابتدائی طور پر اس ونڈو میں ماریشیز اور کرغیزستان سے رابطے میں تھی تاہم دونوں سے حتمی معاملات طے نہ ہوئے جس کے بعد فیڈریشن نے اب سنگاپور سے بات چیت شروع کر دی ہے۔