کھیل

ویڈیو: پاکستان، بھارت نہ گیا تو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے ہاتھ دھونا پڑے گا: راشد لطیف

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان اگر بھارت نہیں گیا تو 2025کی چیمپئنز ٹرافی سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا۔

پاکستان کی بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے معاملے پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے، ورلڈ کپ میں شرکت سے پاکستان کے انکار پر چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی چلی جائے گی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان میمورینڈم آف انڈراسٹینڈنگ (ایم او یو) پر دستخط کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ براڈ کاسٹر رائٹس اور کمرشل رائٹس کے معاہدے میں کہیں نہ کیں یہ بات لازمی درج ہوگی کہ پاکستان بھارت کے درمیان مسائل ہیں۔

راشد لطیف کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

یاد رہے کہ بھارت میں منعقدہ  آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو دورہ بھارت اور میچ وینیوز کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کلئیرنس درکار ہوتی ہے، حکومت کی جانب سے جو بھی ہدایت ملیں گی، ہم ایونٹ اتھارٹی آئی سی سی کو آگاہ کر دیں گے۔

یہ بھی یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بھارت میں منعقدہ ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، شیڈول کے مطابق ایونٹ کا آغاز پانچ اکتوبر سے ہوگا جب کہ فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد میں شیڈولڈ ہے۔

مزید خبریں :