Time 02 جولائی ، 2023
پاکستان

عازمین حج کی واپسی شروع، پی آئی اے کی دو پروازیں وطن واپس پہنچ گئیں

عازمین حج کی پہلی پرواز لاہور اور دوسری کراچی میں اتری۔ فوٹو فائل
عازمین حج کی پہلی پرواز لاہور اور دوسری کراچی میں اتری۔ فوٹو فائل

قومی ائیر لائن پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن شروع ہو گیا ہے جس کے تحت دو پروازیں حجاج کرام کو لیکر وطن واپس پہنچ گئی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق بعد از حج آپریشن کے تحت قومی ائیر لائن کی پہلی پرواز پی کے 832 جدہ سے لاہور پہنچی جبکہ دوسری پرواز کراچی پہنچی۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی ائیرلاین پی آئی اے کی بعد از حج آپریشن کے تحت اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہلی پرواز آج لینڈ کرے گی، پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 2 اگست تک جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ پی آئی اے 268 پروازوں کے ذریعے 61 ہزار 467 حجاج کو لیکر سعودی عرب سے پاکستان پہنچائے گی، 41 ہزار سرکاری اسکیم کے حجاج اور 19 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے حجاج کو لیکر پی آئی اے کی پروازیں پاکستان آئیں گی۔

اس سے قبل پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا جو 22 جون تک جاری رہا تھا۔ پی آئی اے کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور ائیرپورٹس پر حجاج کو سعودی عرب سے پہنچائے گی، سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ ائیرپورٹس پر حجاج کو لایا جائے گا۔

مزید خبریں :