Time 04 جولائی ، 2023
پاکستان

کے الیکٹرک اور سی پی پی اے کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں، ڈسکوز کیلئے بجلی مہنگی

نیپرا نے ڈسکوزکے مالی سال 23-2022 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی ہے/ فائل فوٹو
نیپرا نے ڈسکوزکے مالی سال 23-2022 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی ہے/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سی پی پی اے اور کے الیکٹرک نے نیپرا کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں دے دیں جب کہ نیپرا نے ڈسکوز کے لیے تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کےمطابق بجلی صارفین پر 32 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی درخواستوں پر سماعت کل ہوگی جس میں نیپرا مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے لیے سماعت کل کرے گا۔

نیپرا اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ  کے الیکٹرک اورسینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )نے درخواستیں مئی کی فیول پرائس کے لیے جمع کرائی ہیں۔

نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک نے فی یونٹ بجلی ایک روپے 49 پیسے  مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے جب کہ ڈسکوز صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 2 روپے 5 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا کے مطابق درخواستوں کی من وعن منظوری کی صورت میں ڈسکوز صارفین پر 29 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا اور درخواست منظوری کی صورت میں کے الیکٹرک صارفین پر 3 ارب روپے سے زیادہ کا بوجھ پڑے گا۔

تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری

دوسری جانب نیپرا نے ڈسکوزکے مالی سال 23-2022 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔

نیپرا نے تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں ایک روپے 25 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی ہے جس کا اطلاق جولائی، اگست اور ستمبر 20‬23 کے بلوں پر ہوگا۔

نیپراکا  کہنا ہےکہ ڈسکوز نے اتھارٹی کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی درخواست دی تھی جس پر اتھارٹی نے 24 مئی کو عوامی سماعت کی تھی۔

نیپرا کے مطابق اس اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پرہوگا تاہم کے الیکٹرک صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

آئی ایم ایف معاہدہ ، بجلی  ساڑھے 3 روپے فی یونٹ تک اضافےکا امکان

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے تحت بجلی کی قیمت میں ساڑھے تین روپے فی یونٹ تک اضافےکا امکان ہے۔

ذرائع پاور ڈویژن  کا کہنا ہے کہ  بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ یکمشت ہوگا یا مرحلہ وار حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی، ایک روپے فی یونٹ اضافے سے بھی صارفین پر 100ارب روپے سے زیادہ کا بوجھ پڑے گا۔

مزید خبریں :