04 جولائی ، 2023
پشاور رنگ روڈ پر واقع سابق رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ارباب جہانداد کے حجرے میں قائم پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ کو بند کردیا گیا جبکہ صوبائی سیکرٹریٹ سے پارٹی کا جھنڈا اتارنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دو افراد کو پی ٹی آئی کا جھنڈا اتارتے دیکھا جاسکتا ہے۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ایم پی اے ارباب جہانداد کا کہنا تھا کہ اپنے حجرے کے کچھ کمرے پارٹی کی سرگرمیوں کے لیے مختص کر رکھے تھے تاہم جہاں پولیس چھاپوں کے باعث پارٹی سیکرٹریٹ کا اسٹاف پریشان تھا وہیں پارٹی سرگرمیاں بھی نہ ہونے کے برابر ہیں جس پر سیکرٹریٹ کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جھنڈا اتارنے کی ویڈیو پرانی ہے، میرے گھر اور حجرے پر آج بھی پی ٹی آئی کا جھنڈا لگا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نہیں چھوڑ رہا آج بھی تحریک انصاف میں ہی ہوں۔
اس معاملے پر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمرایوب نے بھی بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارا ہے اور پولیس سیکرٹریٹ پر لگا پی ٹی آئی کا جھنڈا اتار کر ساتھ لے گئی۔
تاہم انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس اختر حیات خان نے جیونیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ پر کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا ہے، چھاپے کا بیان بےبنیاد ہے۔