Time 05 جولائی ، 2023
پاکستان

وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 3 سکیورٹی اہلکار شہید

بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں: آئی ایس پی آر۔
بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں: آئی ایس پی آر۔

شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار  شہید اور 3 شہری زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گاڑی میں سوار خودکش بمبار کے دھماکے میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، دھماکے میں 3 شہری بھی شدید زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر شامل ہیں۔

فوٹو جیو نیوز
فوٹو جیو نیوز

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خود کش بمبار سکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، ڈیوٹی پر تعینات جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے بڑے سانحے سے بچا لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

فوٹو جیو نیوز
فوٹو جیو نیوز

ڈی پی او سلیم ریاض نے جیو نیوز کو بتایا کہ خودکش حملہ میران شاہ بنوں شاہراہ پر واقع حمید اللہ شہید چیک پوسٹ کے قریب ہوا، چیک پوسٹ پر حملے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے جبکہ زخمیوں کو میران شاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی میرعلی میں سکیورٹی فورسز کے کانوائے پر خودکش حملہ ہوا تھا۔

مزید خبریں :