Time 10 جولائی ، 2023
پاکستان

نوازشریف اچھے آدمی ہیں، موجودہ حالات کے ذمہ دار جنرل (ر) باجوہ ہیں: شہزاد اکبر

شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا چسکا لگ گیا ہے، مجھے پہلے ہی معلوم ہو گیا تھا کہ ہماری حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا: سابق مشیر/ فائل فوٹو
 شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا چسکا لگ گیا ہے، مجھے پہلے ہی معلوم ہو گیا تھا کہ ہماری حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا: سابق مشیر/ فائل فوٹو

لندن: سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار دیدیا۔

لندن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ نواز شریف اچھے آدمی ہیں، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ ہمارے خلاف تھے اور وہ تباہی کے ذمہ دار ہیں، ملک کی موجودہ حالت کے ذمہ دار قمر جاوید باجوہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا چسکا لگ گیا ہے، مجھے پہلے ہی معلوم ہو گیا تھا کہ ہماری حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا۔

سابق مشیر احتساب کا کہنا تھا کہ کابینہ نے کاغذات دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی۔

شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ مجھے رواں برس انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے، پی ٹی آئی حکومت میں میرے پاس ایگزیکٹو اختیار نہیں تھا۔

واضح رہےکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں شہزاد اکبر عمران خان کے مشیر برائے احتساب تھے جب کہ انہیں ایسٹ ریکوری یونٹ کا سربراہ بھی بنایا گیا تھا تاہم حکومت کے آخری دنوں میں عمران خان نے شہزاد اکبر کو ذمہ داریوں سے ہٹادیا تھا۔

نوٹ: یہ خبر 10 جولائی 2023 کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی

مزید خبریں :