10 جولائی ، 2023
خیبرپختونخوا کی سابق رکن اسمبلی فوزیہ بی بی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس واپس لے لیا۔
پشاور کے ایڈیشنل سیشن جج آفتاب اقبال نے کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل قاضی انور اور فوزیہ بی بی کے وکیل غفران اللہ شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت میں قاضی انور اور فوزیہ بی بی کا مشترکہ تحریری بیان جمع کرادیا گیا جس میں فوزیہ بی بی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ سے متعلق الزامات سے بری کردیا ہے، اس لیے میں اپنا کیس واپس لینا چاہتی ہوں۔
قاضی انور ایڈوکیٹ نے تحریری بیان میں لکھا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے فوزیہ بی بی کی پارٹی رکنیت بحال کردی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو خود سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا علم نہیں، انہوں نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پر صرف پریس کانفرنس کی تھی۔
قاضی انور کی جانب سے لکھے گئے تحریری بیان کے مطابق رپورٹ اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور نعیم الحق نے تیار کی تھی، نعیم الحق وفات پاچکے ہیں اور پرویز خٹک پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔
قاضی انور نے لکھا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس کوئی شواہد نہیں اور فوزیہ بی بی پارٹی کی قابل احترام رکن ہے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ہرجانہ کیس نمٹا دیا۔
خیال رہے کہ سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف ہرجانہ کیس دائر کیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے فوزیہ بی بی پر سینیٹ الیکشن 2018 میں ووٹ بیچنے کا الزام لگایا تھا۔