12 جولائی ، 2023
فاسٹ بولر شاہنواز دھانی ایمرجنگ ایشیا میں بھارت کے خلاف پرفارم کر کے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کے خواہشمند ہیں۔
فاسٹ بولر شاہنواز دھانی ایمرجنگ ایشیا کے لیے پاکستان شاہینز کا حصہ ہیں ۔
سری لنکا روانگی سے قبل پاکستان شاہینز کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ کوشش کروں گا کہ بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کروں کیونکہ میں بھارت کے خلاف پرفارم کر کے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں واپس آنا چاہتا ہوں ۔
بدقسمتی تھی کہ پی ایس ایل کے آغاز میں ہی میری انگلی فریکچر ہو گئی: دھانی
انہوں نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے،یہاں آپ اچھا پرفارم کر کے کم بیک کر سکتے ہیں، میری بدقسمتی تھی کہ پی ایس ایل کے آغاز میں ہی میری انگلی فریکچر ہو گئی تھی اور میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا حالانکہ پی ایس ایل ایک بہت بڑا ٹورنامنٹ ہے اور اس میں پرفارم کر کے آپ قومی ٹیم میں بھی آ سکتے ہیں، جب فٹ ہوا تو پھر محنت کی کھیل میں واپسی آسان نہیں تھی لیکن ہمت نہیں ہاری ، زمبابوے اے کے خلاف 16 وکٹیں لیں ۔
میں اپنا بیک گراؤنڈ نہیں چھپاتا ، یہ ایک قدرتی چیز ہے: دھانی
شاہنواز دھانی نے کہا کہ زیادہ فاسٹ بولرز کا ہونا پاکستان کے لیے اچھا ہے ، ماضی میں 4 ،5 فاسٹ بولرز ہی ٹیم کے ساتھ ہوتے تھے لیکن اب زیادہ فاسٹ بولرز ہیں ، احسان اللہ اور زمان خان کا میرے ساتھ ہی نہیں سب کے ساتھ مقابلہ ہے ،جو محنت کرے گا اور پرفارم کرے گا وہی قومی ٹیم میں آئے گا ۔
فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنا بیک گراؤنڈ نہیں چھپاتا ، یہ ایک قدرتی چیز ہےگاؤں جا کر خوش ہوتا ہوں ،گاؤں میں میں جو کچھ کرتا رہا ہوں اب بھی واپس جا کر وہی کچھ کر کے لطف اندوز ہوتا ہوں۔
واضح رہے کہ 24 سالہ شاہنواز دھانی 2 ون ڈے اور 11 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں ۔