Time 13 جولائی ، 2023
پاکستان

’بل کے بغیر بجلی نہیں دے سکتے‘، ترجمان کے الیکٹرک کی لیاری والوں کے احتجاج کی مذمت

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مظاہرین کو منتشر کیا: ترجمان کے الیکٹرک/ اسکرین گریب
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مظاہرین کو منتشر کیا: ترجمان کے الیکٹرک/ اسکرین گریب

کراچی: ترجمان کے الیکٹرک نے لیاری کے علاقہ مکینوں کی جانب سے کے الیکٹرک کے دفتر کو نقصان پہنچانے کی مذمت کی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ  قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مظاہرین کو منتشرکیا۔

ترجمان نے کہا کہ بجلی سب کو چاہیے لیکن بجلی کی مسلسل فراہمی بغیر بلوں کی ادائیگی کے  ناممکن ہے، جن علاقوں میں بجلی کی چوری اور نقصانات 70 فیصد سے زائد ہیں وہاں مسلسل فراہمی مشکل ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ لیاری اور ملحقہ علاقوں کے صارفین نے بلوں کی مد میں 10 ارب روپےکی ادائیگی کرنا ہے، علاقہ نمائندگان بلوں کی ادائیگیوں کو یقینی بنائیں تاکہ صورتحال میں بہتری آئے۔

واضح رہے کہ اہلیان لیاری نے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ آکر کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے دفتر کو نقصان بھی پہنچایا تھا۔

کئی گھنٹے کے احتجاج کے بعد ادارے کی انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی جس پر مظاہرن کی جانب سے احتجاج ختم کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :