متلی سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ تو یہ ٹوٹکے آزمائیں

یہ بہت عام مسئلہ ہے / فائل فوٹو
یہ بہت عام مسئلہ ہے / فائل فوٹو

اکثر افراد کو متلی کا سامنا ہوتا ہے جو کسی وائرس، نظام ہاضمہ کے مسئلے، بدبو یا حمل کا نتیجہ ہوتا ہے۔

جی متلانے کا احساس اس وقت ہوتا ہے جب لگتا ہے کہ آپ قے یا الٹی کرنے والے ہیں۔

اکثر اوقات یہ واضح نہیں ہوتا کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے، مگر وجہ جو بھی ہو، چند عام طریقے اس سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ایسے ہی چند آسان طریقے جانیں۔

کھڑے ہو جائیں

جب آپ کمر کے بل لیٹتے ہیں تو معدے میں موجود سیال بڑھتا ہے اور متلی کا احساس ہوتا ہے، خاص طور پر اس وقت اگر آپ کو اکثر سینے میں جلن کی شکایت ہوتی ہو۔

تو متلی کا احساس ہونے پر کھڑے ہوکر کچھ وقت تک اردگرد چہل قدمی کریں۔

کھڑکی کھول لیں یا پنکھے کے سامنے بیٹھ جائیں

تازہ ہوا سے متلی کی شکایت میں کمی آتی ہے، ایسا کیوں ہوتا ہے، یہ تو واضح نہیں مگر ماہرین کے خیال میں اس سے لوگوں کی توجہ بھٹک جاتی ہے۔

تو متلی کی شکایت ہو تو کھڑکی کھول دیں یا پنکھے کے سامنے بیٹھ جائیں۔

مراقبہ

مراقبے سے ذہن کو سکون ملتا ہے جبکہ متلی سے نجات بھی مل سکتی ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 3 ہفتے تک مراقبہ کرنے سے متلی اور قے جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

گہری سانسیں لیں

گہری سانسیں لینے سے بھی متلی کی کیفیت پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس مقصد کے لیے ناک سے آہستگی سے سانس لیں اور اسے 3 سیکنڈ تک روک کر رکھیں، پھر آہستگی سے خارج کر دیں۔

یہ عمل اس وقت تک دہرائیں جب تک متلی کی شکایت ختم نہیں ہو جاتی۔

توجہ دوسری جانب مرکوز کریں

اکثر اوقات متلی کے احساس پر قابو پانے کا آسان طریقہ اپنے ذہن کی توجہ دوسری جانب مرکوز کرنا ہوتا ہے۔

آپ جتنی زیادہ توجہ جی متلانے پر مرکوز کریں گے، اس کی شدت اتنی زیادہ بڑھ جائے گی، تو اس کا ایک آسان حل ٹیلی ویژن دیکھنا یا کسی کتاب کا مطالعہ کرنا ہو سکتا ہے۔

پانی پینا مت بھولیں

کئی بار جی متلانا جسم میں پانی کی کمی یا ڈی ہائیڈریشن کی بھی علامت ہوتی ہے۔

تو اگر متلی کا احساس ہو تو کچھ مقدار میں پانی پی لیں یا اگر پانی پینے کے خیال سے حالت زیادہ خراب ہو رہی ہے تو لیموں کے عرق ملے پانی کو پی لیں۔

لیموں سے مدد لیں

لیموں میں موجود citric acid ایسا قدرتی مرکب ہے جو نظام ہاضمہ کے لیے مفید ہوتا ہے اور پانی میں لیموں کے عرق کا استعمال مفید ہوتا ہے۔

اگر متلی کی وجہ قبض ہے تو نیم گرم پانی میں لیموں کے عرق کو ملا کر پینے سے قبض سے نجات میں مدد مل سکتی ہے۔

مگر بہت زیادہ مقدار میں لیموں کے عرق کا استعمال کرنے سے گریز کریں ورنہ متلی کی شدت بدتر ہو جائے گی۔

کئی کیسز میں تو لیموں کی مہک بھی متلی کی شدت میں کمی لاتی ہے۔

ادرک

ادرک سے متلی کی معمولی سے معتدل شدت پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس مقصد کے لیے ادرک کا ایک چھوٹا ٹکڑا چبائیں، اس کے علاوہ ادرک کی چائے پینے سے بھی فائدہ ہو سکتا ہے۔

پودینے کو استعمال کریں

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پودینے کا تیل کو سونگھنا جی متلانے کا مؤثر علاج ثابت ہو سکتا ہے جبکہ پودینے کی چائے پینے سے بھی یہی فائدہ ہوتا ہے۔

سافٹ ڈرنکس سے گریز کریں

کولا مشروبات کو پینے سے پیٹ پھولتا ہے جبکہ سینے میں جلن کی شدت بدتر ہو سکتی ہے اور یہ دونوں ہی متلی کا باعث بننے والی وجوہات ہیں۔

سافٹ ڈرنکس میں چینی کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے بھی متلی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

کئی بار جی متلانا کسی سنگین مرض کی علامات کا حصہ بھی ہوتا ہے۔

اگر متلی کے ساتھ سینے میں تکلیف ہو رہی ہو تو یہ ہارٹ اٹیک کی نشانی ہو سکتی ہے۔

اگر متلی کے ساتھ شدید سر درد یا سر چکرانے کا سامنا ہو تو یہ کسی دماغی یا اعصابی مرض کی علامت ہو سکتی ہے۔

اگر متلی کی شکایت ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک برقرار رہے یا اس کے ساتھ جسمانی وزن میں کمی آنے لگے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :