14 جولائی ، 2023
پشاور میں سوشل میڈیا پر دوستی کے بہانے اغوا کرکے لوٹنے والے گرفتار نوسرباز میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔
گزشتہ دنوں پشاور تھانہ پشتخرہ میں میاں بیوی کے خلاف بھتہ خوری اور دھوکا دہی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے پشاور کے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نوسربازی کے ذریعے لوگوں سے رقم بٹورنے کے الزام میں گرفتار میاں بیوی کو پیش کیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان مسماۃ اور اُن کے شوہر عامر نے دھوکا دہی سے مدعی مقدمہ کو اغوا کے بعد 30 لاکھ روپے وصول کیے۔
تفتیشی افسر نے بتایاکہ پولیس نے دونوں میاں بیوی کے خلاف اغوا، بھتہ خوری اور دھوکا دہی کا مقدمہ تھانہ پشتخرہ میں درج کیا تھا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش کی ضرورت ہے لہٰذا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے شوہر کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ بیوی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار نو سرباز گینگ کا تعلق مردان سے ہے جن کےقبضے سے دھوکہ دہی کے ذریعے وصول شدہ رقم دو عدد موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔