14 جولائی ، 2023
ایمرجنگ ایشیا کپ کرکٹ میں پاکستان نے نیپال کو چار وکٹ سے ہرا دیا۔ گرین شرٹس نے 180 رنز کا ہدف 33 ویں اوور میں 6 وکٹ پر حاصل کیا، ٹیم کی کامیابی میں شاہ نواز دھانی ، محمد وسیم اور طیب طاہر نے نمایاں کردار ادا کیا۔
کولمبو میں جاری ایمرجنگ ایشیا کپ میں گرین شرٹس کے خلاف پہلے میچ میں نیپال کی ٹیم 179 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، سومپال کامی نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہ نواز دھانی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، چار وکٹیں محمد وسیم نے حاصل کیں، ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے طیب طاہر نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،عمیر یوسف 36 اور کامران غلام 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان نے ہدف 33 ویں اوور میں 6 وکٹ پر حاصل کر لیا۔
للت راج بنشی نے تین وکٹیں حاصل کیں، ایونٹ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلی گی۔
میچ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کا کہنا تھا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں پہلا میچ جیت کر وہ کافی اچھا محسوس کررہے ہیں، میچ کی ابتدا میں پچ پر گیند تیز نہیں نکل رہا تھا، مختلف لائن اور لینتھ پر بولنگ کرنے سے کامیابی ملی، ہدف ہے کہ عمدہ پرفارمنس سے ٹیم کو ایونٹ میں کامیابی دلاؤں۔