Time 17 جولائی ، 2023
پاکستان

وزیراعظم آگے بڑھ کر بات نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ ہوجاتا: حمزہ شہباز

تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایسا معاشی معاہدہ کرنا چاہیے جسے آئینی تحفظ حاصل ہو: رہنما مسلم لیگ (ن)/ فائل فوٹو
تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایسا معاشی معاہدہ کرنا چاہیے جسے آئینی تحفظ حاصل ہو: رہنما مسلم لیگ (ن)/ فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آگے بڑھ کر بات نہ کرتے تو ایٹمی قوت والا ملک ڈیفالٹ ہوجاتا۔

لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں سابق یوسی چیئرمین زاہد حسین کے اہلخانہ سے اظہار افسوس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ کوئی شک نہیں عوام شدید مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں، آٹا خریدنا، بجلی کے بل اور بچوں کی فیس دینا مشکل ہوگیا ہے، آج تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر معاشی پالیسیوں کے تسلسل کا معاہدہ کرنا چاہیے جسے آئندہ 10 سال کے لیے آئینی تحفظ حاصل ہو ۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پیٹرول 100روپے سستا کرکے آئی ایم ایف کے معاہدے سے نکل گئے تھے ، وزیراعظم شہباز شریف آگے بڑھ کر بات نہ کرتے تو ایٹمی قوت والا ملک ڈیفالٹ ہوجاتا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا  کہ ملک کا مستقبل شفاف انتخابات پر انحصار کرتا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایسا معاشی معاہدہ کرنا چاہیے جسے آئینی تحفظ حاصل ہو۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت کی میعاد پوری ہو گی تو ہم چلے جائیں گے، الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ آئندہ انتخابات وقت پر کروائے۔

مزید خبریں :