Time 18 جولائی ، 2023
کھیل

پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے سال نیوزی لینڈ سے 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے سال نیوزی لینڈ سے 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، ان میچز کا مقصد اگلے سال ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھرپور تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دونوں بورڈز باہمی مشاورت سے 10 میچز کے انعقاد پر راضی ہوئے۔ ان 10 میں سے 5 میچز جنوری میں نیوزی لینڈ اور 5 میچز اپریل میں پاکستان میں ہوں گے۔

نیوزی لینڈ میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز 12 سے 21 جنوری کے درمیان ہوں گے ۔ 12 جون کو آکلینڈ، 14 جون کو ہملٹن ،17 جون کو ڈیونیڈن جبکہ 19 اور 21 جون کو کرائسٹ چرچ میں میچز ہوں گے ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں سیریز کھیلنے کے بعد براہ راست نیوزی لینڈ پہنچے گی۔

پی سی بی کے مطابق اپریل میں پاکستان میں ہونے والے 5 میچز کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ سے اضافی میچز کے انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم اب ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل 19 میچز کھیلے گی جس میں انگلینڈ سے 4، آئرلینڈ سے 2  اور نیدرلینڈز سے 3 میچز شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق ان اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فیوچر ٹور پروگرام میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کے فروری 2024 میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ طے دو ٹیسٹ اب جنوری 2025 میں ہوں گے جبکہ 2025 میں شیڈولڈ پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ کا شیڈول بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

جنوری 2025 کے پاک نیوزی لینڈ میچز اب اپریل 2025 میں ہوں گے ۔ پاکستان نے 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے ہیں۔

مزید خبریں :